اسلام آباد، پیر، 5 مئی 2025 (ڈبلیو این پی): پاک بحریہ نے سمندری حدود کے قریب بھارتی بحریہ کے جاسوس طیارے کی بروقت نشاندہی اور مسلسل نگرانی کر کے اپنی چوکسی اور عملی تیاری کا مظاہرہ کیا ہے۔
دفاعی ذرائع کے مطابق بھارتی بحریہ کا پی-8 آئی پوسیڈن (P-8I Poseidon) طیارہ، جو طویل فاصلے تک سمندری نگرانی کی صلاحیت رکھتا ہے، چار اور پانچ مئی کی درمیانی شب پاکستانی سمندری حدود کے قریب پرواز کرتا پایا گیا۔ پاک بحریہ نے اس طیارے کی موجودگی کو فوری طور پر محسوس کرتے ہوئے اسے مسلسل مانیٹر کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، ہائی الرٹ حالت اور قومی سمندری مفادات کے تحفظ کے عزم کا ثبوت ہے۔
یہ واقعہ خطے میں جاری کشیدگی اور سمندری سلامتی کی اسٹریٹجک اہمیت کو اجاگر کرتا ہے، جو علاقائی استحکام کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔