ابوظہبی میں وزیراعظم شہباز شریف کی اماراتی صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات، پاک-بھارت کشیدگی کم کرنے میں کردار کو سراہا

7

ابوظہبی، جمعرات، 12 جون 2025 (ڈبلیو این پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمعرات کے روز ابوظہبی کے صدارتی محل میں متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تاریخی برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اعتماد، مشترکہ اقدار، اور دہائیوں پر محیط قریبی تعاون پر مبنی دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی امن سمیت اہم شعبوں میں شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کم کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کی تعمیری سفارتی کاوشوں کو سراہا اور خطے میں امن، مکالمے اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے امارات کے فعال کردار کی تعریف کی۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ باہمی اہداف کے حصول کے لیے قریبی روابط اور ہر سطح پر رابطے کو فروغ دیا جائے گا۔ وزیراعظم نے شیخ محمد بن زاید کو جلد پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دہرائی۔

اس موقع پر پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی شامل تھے۔

ملاقات کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا: "متحدہ عرب امارات کے میرے عزیز بھائی، عالی جناب شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات میرے لیے باعث مسرت تھی۔ میں نے پاک-بھارت کشیدگی کم کرنے میں امارات کے کلیدی کردار پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ہم نے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ ہمارے مضبوط تعلقات، جو اعتماد اور بھائی چارے پر مبنی ہیں، خاص طور پر تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ میں جلد ہی ان کے دورۂ پاکستان کا منتظر ہوں۔”

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ سرکاری دورے پر ابوظہبی پہنچے جہاں ان کا استقبال ابوظہبی کے البطین ایئرپورٹ پر متحدہ عرب امارات کے قومی سلامتی کے مشیر اور صدر کے بھائی شیخ طحنون بن زید النہیان نے کیا، جو بعد ازاں انہیں صدارتی محل بھی لے گئے۔

اس موقع پر متحدہ عرب امارات کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری جنرل علی احمد الشامسی، متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی، اور دیگر اعلیٰ سفارتی حکام بھی موجود تھے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں