اسلام آباد، جمعہ، 24 اکتوبر 2025 (ڈبلیو این پی): ترکی کی کوآپریشن اینڈ کوآرڈی نیشن ایجنسی (TİKA) اور ٹیچ فار پاکستان نے پاکستان میں اساتذہ کی تربیت اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے باہمی اشتراک کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں اسلام آباد میں تنظیم کے مرکزی تربیتی مرکز کی جدید خطوط پر تزئین و آرائش کی جائے گی۔
دونوں اداروں کے درمیان مفاہمت کی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے، جس کے تحت TİKA مرکز کو جدید ڈیجیٹل لرننگ ٹولز اور سولر انرجی سسٹم سے آراستہ کرے گا، تاکہ تربیتی پروگرام بلا تعطل جاری رہ سکیں اور اساتذہ کی استعداد کار میں پائیدار بہتری لائی جا سکے۔
جدید تربیتی مرکز کے ذریعے ہر سال 115 سے زائد اساتذہ رہنما اور 18 کوچز تربیت حاصل کریں گے، جو سرکاری اسکولوں کے 7,000 سے زائد طلبہ پر براہِ راست مثبت اثر ڈالیں گے۔ آئندہ پانچ برسوں میں اس اقدام سے 35,000 سے زیادہ طلبہ مستفید ہوں گے۔
یہ اشتراک TİKA اور ٹیچ فار پاکستان کے اس مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے جس کا مقصد اساتذہ کو بااختیار بنانا اور پسماندہ طبقوں کے لیے معیاری تعلیم تک رسائی میں اضافہ کرنا ہے۔ اس منصوبے کے ذریعے ایک جامع، مضبوط اور پائیدار تعلیمی نظام کی بنیاد رکھی جا رہی ہے۔
دونوں اداروں کے نمائندوں نے اس موقع پر کہا کہ اساتذہ میں سرمایہ کاری ہی دراصل پاکستان کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہے، کیونکہ کلاس روم ہی وہ مقام ہے جہاں حقیقی سماجی تبدیلی کی بنیاد رکھی جاتی ہے۔


