ڈیرہ غازی خان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی، صدر اور وزیرِ اعظم کا پولیس کو خراجِ تحسین

4

اسلام آباد، اتوار، 1 جون 2025 (ڈبلیو این پی): صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ڈیرہ غازی خان کے علاقے کوٹ مبارک میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن پر پنجاب پولیس کی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا ہے۔

یہ آپریشن خیبر پختونخواہ اور پنجاب کی سرحد کے قریب واقع علاقے میں کیا گیا جہاں کالعدم تنظیم "فتنہ الخوارج” کے دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔ پولیس کے مطابق جب اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لیا تو دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی جس کے جواب میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ جائے وقوعہ سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے پولیس کے حوصلے اور پیشہ ورانہ انداز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیاب آپریشن اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی کارروائیاں اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک دہشت گردی کا مکمل خاتمہ نہ ہو جائے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھی اس کامیاب کارروائی پر پنجاب پولیس کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے اور یہ جنگ اُس وقت تک جاری رہے گی جب تک دہشت گردی کا مکمل طور پر قلع قمع نہ کر دیا جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ پولیس کی بروقت کارروائی سے دہشت گردوں کا منصوبہ ناکام بنایا گیا۔

انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے آپریشن کو بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس شدت پسند عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر قائم ہے اور صوبے کا امن خراب کرنے والوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

یہ کارروائی ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سید علی کی نگرانی میں کی گئی۔ پولیس کے مطابق، کچھ دہشت گرد جھاڑیوں اور دشوار گزار علاقوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ سویپ آپریشن جاری ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں