پاکستان، افغانستان اور ازبکستان کا علاقائی ریلوے منصوبے کو آگے بڑھانے پر اتفاق

4

اسلام آباد، اتوار، 1 جون 2025 (ڈبلیو این پی): پاکستان اور افغانستان نے اتوار کے روز ازبکستان-افغانستان-پاکستان (یو اے پی) ریلوے لائن منصوبے کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اسے علاقائی رابطے اور اقتصادی انضمام کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور افغانستان کے قائم مقام وزیرِ خارجہ امیر خان متقی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے فریم ورک معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے کے لیے قریبی تعاون پر اتفاق کیا۔

امیر خان متقی نے افغانستان کے ساتھ سفارتی تعلقات کو سفیر کی سطح تک اپ گریڈ کرنے کے پاکستان کے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور آگاہ کیا کہ کابل بھی اس فیصلے کا مثبت جواب دے گا۔ انہوں نے اس پیش رفت کو دوطرفہ تعلقات میں ایک خوش آئند اور اہم قدم قرار دیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے 19 اپریل 2025 کو سینیٹر اسحاق ڈار کے دورہ کابل کے دوران کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا اور دو برادر ممالک کے درمیان باہمی اعتماد کے فروغ اور تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس سے قبل، 24 اپریل کو اسحاق ڈار نے ازبکستان کے وزیر خارجہ سعیدوف بختیار اوڈیلووچ سے بھی ٹیلیفون پر بات چیت کی تھی، جس میں یو اے پی ریلوے منصوبہ گفتگو کا مرکزی نکتہ رہا۔

ڈار نے کابل میں ہونے والی اپنی ملاقاتوں سے متعلق تفصیلات سے انہیں آگاہ کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان، افغانستان اور ازبکستان جلد اس اہم علاقائی رابطہ منصوبے کے فریم ورک معاہدے پر دستخط کریں گے۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے، اقتصادی اور تجارتی روابط کو فروغ دینے، عوامی روابط بڑھانے اور خطے و دنیا کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

مجوزہ یو اے پی ریلوے لائن منصوبہ وسطی ایشیا کو جنوبی ایشیا سے جوڑنے کے لیے ایک اہم زمینی راہداری ثابت ہو گا، جو زمینی طور پر محصور ممالک کو پاکستانی بندرگاہوں کے ذریعے عالمی منڈیوں تک رسائی فراہم کرے گا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں