اسلام آباد، جمعرات، 3 جولائی 2025 (ڈبلیو این پی): وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف سے جمعرات کے روز پاکستان میں جمہوریہ ترکی کے سفارتخانے کے مذہبی مشیر ڈاکٹر عبد الرحمن آق کوش نے ملاقات کی، جس میں مذہبی تعلیم، فلاحی سرگرمیوں اور بین المذاہب تعاون کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے پاکستان اور ترکی کے مابین تاریخی برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا جو مشترکہ مذہبی اور ثقافتی اقدار پر مبنی ہیں۔ وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے سیاسی، معاشی، مذہبی اور ثقافتی میدانوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے دونوں حکومتوں کے عزم کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا، ’’پاکستان اور ترکی کے مابین اسلامی اخوت کا تاریخی رشتہ ہے، اور ہم ترکی کے ان مسائل پر دوٹوک مؤقف کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جو مسلم اُمہ سے جڑے ہوئے ہیں، خصوصاً مسئلہ کشمیر اور فلسطین پر اس کی حمایت اور اسلاموفوبیا کے خلاف اس کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔‘‘
سردار یوسف نے پاکستان میں حافظِ قرآن اور ممتاز دینی سکالر کی حیثیت سے ڈاکٹر آق کوش کی بطور مذہبی مشیر تعیناتی کو سراہا اور اسے مذہبی شعبے میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔
انہوں نے ترک دینی ادارے دیانت فاؤنڈیشن کی پاکستان میں جاری فلاحی سرگرمیوں کو بھی سراہا، جن میں رمضان پیکجز کی تقسیم، قربانی کے گوشت کی فراہمی، صحت کی سہولیات، تعلیمی معاونت اور صاف پانی کی فراہمی شامل ہیں۔
سردار یوسف نے 2005 کے تباہ کن زلزلے کا حوالہ دیتے ہوئے ترکی کے بھرپور امدادی اور بحالی کردار کو یاد کیا۔ ’’بطور ضلع ناظم مانسہرہ، میں نے ترکی کی بے لوث امداد کو قریب سے دیکھا، جو ہمارے دلوں میں آج بھی زندہ ہے،‘‘ انہوں نے کہا۔
انہوں نے اسلامی ممالک کے درمیان چاند دیکھنے کے ایک مربوط نظام کے قیام پر بھی زور دیا اور کہا کہ پاکستان اور ترکی اس دیرینہ مسئلے پر باہمی مشاورت کر سکتے ہیں۔
ڈاکٹر عبد الرحمن آق کوش نے پاکستان کے ساتھ مذہبی تعلیم، صحت اور سماجی بہبود کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ دیانت فاؤنڈیشن پاکستان میں مستحق افراد کی معاونت کے لیے سرگرم ہے، جس کے تحت 1000 یتیم بچوں کو اسکول بیگز، 100 اعلیٰ تعلیمی وظائف، اور سیرت النبیﷺ سے متعلق اشاعتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فاؤنڈیشن دور دراز علاقوں میں قربانی کا گوشت، رمضان فوڈ پیکجز اور پانی کے کنویں بھی فراہم کر رہی ہے۔ ڈاکٹر آق کوش نے اعلان کیا کہ جلد ہی ترکی کے فتویٰ کمیشن کا ایک وفد پاکستان کا دورہ کرے گا تاکہ مقامی علما سے تبادلہ خیال کیا جا سکے اور باہمی مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے سردار محمد یوسف کے مسلم امہ کے لیے جذبہ اور خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا، ’’ان کی بصیرت اور وابستگی قابل تقلید اور لائق تحسین ہے۔‘‘