پاکستان اور مصر کے دفاعی تعلقات میں مزید مضبوطی — آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کا قاہرہ کا سرکاری دورہ

4

 

قاہرہ، جمعرات، 23 اکتوبر 2025 (ڈبلیو این پی): پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، عرب جمہوریہ مصر کے سرکاری دورے پر ہیں، جہاں وہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعاون اور تزویراتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مصر کے وزیر دفاع و پیداوارِ دفاع، جنرل عبدالمجید سقر، اور مصری مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل احمد خلیفہ فتحی سے اہم ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال، اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان تعلقات اخوت، اعتماد اور باہمی احترام پر مبنی ہیں، جو نہ صرف دونوں ممالک کے دفاعی تعاون کو مضبوط بنائیں گے بلکہ مشرقِ وسطیٰ اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔

وزارتِ دفاع پہنچنے پر فیلڈ مارشل کو پُرتپاک استقبال کیا گیا اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے یادگارِ نامعلوم سپاہی اور سابق مصری صدر محمد انور السادات کے مزار پر پھول چڑھائے اور مصر کے قومی ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اپنے دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جامعہ الازہر کے شیخِ اعظم احمد الطیب سے بھی ملاقات کی۔ شیخ الازہر نے مسلم امہ کو درپیش عصری چیلنجز پر اپنے خیالات کا اظہار کیا، جبکہ فیلڈ مارشل نے انتہاپسندی کے خاتمے، اتحاد کے فروغ، اور اسلام کی غلط تعبیرات کے تدارک کے لیے تعلیم، مکالمے اور فہم و تدبر پر مبنی اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

یہ دورہ پاکستان کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ دفاعی سفارت کاری کو فروغ دیتے ہوئے اسلامی دنیا کے ایک اہم ملک، مصر، کے ساتھ تزویراتی تعلقات کو مزید مستحکم بنائے، تاکہ علاقائی اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے مشترکہ اہداف حاصل کیے جا سکیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں