اسلام آباد، پیر، 5 مئی 2025 (ڈبلیو این پی): ترکی کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیروغلو اور عمان کے سفیر فہد سلیمان نے پیر کے روز نیول ہیڈ کوارٹرز میں چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دو طرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ملاقات کے دوران خطے میں بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ تعاون کے فروغ کے امکانات پر بھی بات چیت ہوئی۔
ایڈمرل نوید اشرف نے بحیرہ ہند میں امن و استحکام کے لیے پاک بحریہ کے فعال کردار بالخصوص ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرولز کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
ترک اور عمانی سفراء نے سمندری سلامتی کے شعبے میں پاک بحریہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے خطے کے اجتماعی استحکام کے لیے تعاون کے تسلسل کو ناگزیر قرار دیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس دورے سے پاکستان اور ان دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو بالخصوص فوجی اور سمندری تعاون کے میدان میں مزید تقویت ملے گی۔