پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان تجارتی روابط کے فروغ کے لیے ادیس ابابا میں سنگل کنٹری نمائش کی تیاریاں مکمل

4

اسلام آباد، جمعہ، اپریل 18، 2025 (ڈبلیو این پی): ایتھوپیا کے خصوصی ایلچی اور سفیرِ غیر معمولی ڈاکٹر جمال بکر نے جمعہ کو وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے ملاقات کی جس میں ادیس ابابا میں منعقد ہونے والی پاکستان سنگل کنٹری نمائش کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

یہ نمائش 15 سے 17 مئی 2025 تک جاری رہے گی جس کا مقصد پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانا اور پاکستان کی "افریقہ کی جانب دیکھو اور افریقہ سے روابط بڑھاؤ” پالیسی کو فروغ دینا ہے۔

ملاقات میں وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت و صنعت رانا احسان افضل خان، ایتھوپیا کے سفارتخانے اسلام آباد اور وزارت تجارت کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔

دونوں فریقین نے ایتھوپین سفارتخانے، وزارت تجارت اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کے اشتراک سے تجارتی برادری کو متحرک کرنے کی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ نمائش کے ساتھ ساتھ 12 اور 13 مئی کو ادیس ابابا میں "ایتھوپیا میں سرمایہ کاری” کے عنوان سے ایک اعلیٰ سطحی کاروباری فورم بھی منعقد ہوگا۔

ڈاکٹر جمال بکر نے وزیر تجارت کو آگاہ کیا کہ انہوں نے پاکستان کے بڑے چیمبرز آف کامرس سے رابطے کرکے کاروباری برادری کو نمائش میں شرکت کی ترغیب دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایتھوپیا کی حکومت اور کاروباری برادری پاکستانی وفد کے استقبال کے لیے پوری طرح تیار ہیں اور یہ نمائش دونوں ممالک کے درمیان پائیدار تجارتی تعلقات کے فروغ کا بہترین موقع فراہم کرے گی۔

ڈاکٹر بکر نے یہ بھی بتایا کہ ایتھوپیا کے سفارتخانے کی کوششوں سے ایتھوپین ایئرلائنز نے پاکستان میں اپنی پروازیں شروع کی ہیں، جو کہ پاکستان کی "افریقہ سے روابط” پالیسی کو عملی جامہ پہنانے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو رہی ہیں اور تجارت، سائنس و ٹیکنالوجی، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں وفود کے تبادلے میں معاون ثابت ہو رہی ہیں۔

وفاقی وزیر جام کمال خان نے ایتھوپین سفیر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سنگل کنٹری نمائش پاکستانی کاروباری اداروں کے لیے ایتھوپیا اور افریقی منڈیوں میں اپنے قدم جمانے کا سنہری موقع فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ نمائش نہ صرف پاکستان اور ایتھوپیا بلکہ پورے افریقی خطے کے ساتھ پاکستان کے تجارتی روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے دروازے کھولے گی۔

وزیر تجارت نے نمائش کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں