اسلام آباد، ہفتہ، اپریل 19, 2025 (ڈبلیو این پی): وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے ہفتہ کے روز ملک بھر کے مختلف حاجی کیمپوں میں حج انتظامات اور ویکسین کی فراہمی کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں سیکریٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاءالرحمٰن سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے وزیر موصوف کو جاری تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
سردار یوسف نے اس موقع پر کہا کہ تمام حاجی کیمپ اللہ کے مہمانوں (ضیوف الرحمن) کی خدمت کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ انہوں نے عازمین حج پر زور دیا کہ وہ "پاک حج ایپ” پر دیے گئے شیڈول کے مطابق اپنے مقررہ حاجی کیمپوں کا دورہ کریں تاکہ کسی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔
بریفنگ کے مطابق، اسلام آباد، لاہور، پشاور اور ملتان میں عازمین حج کو ویکسین لگانے کا عمل 21 اپریل سے شروع ہوگا۔ جبکہ کراچی، رحیم یار خان، سکھر، فیصل آباد اور سیالکوٹ میں ویکسینیشن کا آغاز 22 اپریل سے ہوگا۔ کوئٹہ میں ویکسینیشن مہم 23 اپریل سے شروع کی جائے گی۔
رحیم یار خان میں 22 اپریل سے 24 اپریل تک ایک عارضی حاجی کیمپ بھی قائم کیا جائے گا تاکہ مقامی عازمین کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
عازمین حج کے لیے لازمی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ حاجی کیمپوں سے ویکسین لگوائیں، پیک شدہ ادویات اور حج گفٹس وصول کریں۔ علاوہ ازیں، روانگی سے دو روز قبل انہیں اپنے ٹکٹ، ویزے، شناختی لاکٹس، اسٹیکرز اور موبائل سم کارڈز بھی حاجی کیمپوں سے حاصل کرنے ہوں گے۔