پاکستان اور آذربائیجان کا توانائی، اقتصادی اور تزویراتی تعاون مزید گہرا کرنے کا عزم

4

اسلام آباد، جمعرات، 22 مئی 2025 (ڈبلیو این پی): پاکستان اور آذربائیجان نے خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں دوطرفہ تعلقات، بالخصوص توانائی کے شعبے میں تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ پاکستان نے حالیہ پاک-بھارت تنازعے کے دوران آذربائیجان کی غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اسلام آباد میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف سے ملاقات کی جس میں تیل و گیس کی تلاش، توانائی کی تجارت اور سرمایہ کاری سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں خطے میں روابط بڑھانے اور اقتصادی انضمام کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیر پیٹرولیم نے کہا، ’’پاکستان ان برادر ممالک کا دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہے جنہوں نے مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا۔‘‘ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے آذربائیجان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور سفارتی تعلقات کو معاشی شراکت میں بدلنے کی ضرورت پر زور دیا۔

سفیر خضر فرہادوف نے آذربائیجان کی جانب سے پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی تاریخی دوستی کو معاشی شراکت میں بدلنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کی جا رہی ہیں۔

وزیر پیٹرولیم نے اعلان کیا کہ وہ آئندہ ’’باکو انرجی ویک‘‘ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے جہاں وہ عالمی توانائی رہنماؤں سے ملاقاتوں کے ذریعے سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آذربائیجان کی سرکاری توانائی کمپنی SOCAR Upstream پاکستان میں تیل و گیس کی تلاش کے لیے ممکنہ شراکت داروں سے بات چیت کر رہی ہے۔

دونوں فریقین نے مشترکہ منصوبوں پر مذاکرات تیز کرنے اور توانائی تحفظ و اقتصادی شراکت کے فروغ پر اتفاق کیا۔

بھارتی بائیکاٹ مہم کے باوجود پاکستان کی آذربائیجان سے سیاسی یکجہتی کا مظاہرہ

اس سے قبل وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے آذربائیجان کے سفارت خانے کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بھارت کی آذربائیجان کے خلاف حالیہ انتقامی کارروائیوں کی مذمت کی۔

انہوں نے کہا، ’’پاکستان کے ساتھ ایک بار پھر کھڑے ہونے پر ہم آذربائیجان کے شکر گزار ہیں۔‘‘ انہوں نے بھارت کی جانب سے سیاحتی ویزوں کی منسوخی اور سوشل میڈیا پر آذربائیجان کے خلاف منفی مہم کو "مایوسی کا مظہر” قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آذربائیجان کو صرف اس لیے نشانہ بنایا جا رہا ہے کیونکہ وہ پاکستان کا دوست ہے۔

سفیر فرہادوف نے کہا کہ آذربائیجان نے پاک-بھارت تنازعے کے دوران اصولی مؤقف اپنایا اور پاکستانی عوام کی کامیابی کو 10 مئی کو جوش و خروش سے منایا گیا۔ انہوں نے بھارت کی فلمی صنعت کو آذربائیجان مخالف پروپیگنڈے کے لیے استعمال کرنے کی مذمت کی۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں شخصیات کے درمیان خوشگوار ماحول میں پھولوں کا تبادلہ ہوا، جو دونوں ممالک کے بڑھتے ہوئے تعلقات کی علامت تھا۔ وفاقی وزیر نے یہ بھی اعلان کیا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کی جا رہی ہیں اور اسلام آباد میں آذربائیجان کے لیے چیمبر آف کامرس کا قیام عمل میں آچکا ہے۔

کرپشن کے خلاف تعاون: پاکستان اور آذربائیجان جلد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کریں گے

ادھر باکو میں جاری اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے انسداد منشیات و جرائم (UNODC) کے زیر اہتمام انسداد بدعنوانی سے متعلق عالمی اجلاس میں پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان کرپشن کے خلاف تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔

نائب چیئرمین نیب سہیل ناصر نے چھٹی عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کرپشن اور منی لانڈرنگ کے خلاف شانہ بشانہ کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک مشترکہ سیمینارز، تربیتی پروگرامز اور مہارتوں کے تبادلے کے ذریعے شفافیت اور احتساب کو فروغ دیں گے۔ سہیل ناصر نے اس عالمی اجلاس کی میزبانی پر آذربائیجان کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان انسداد بدعنوانی کی کوششوں میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں