اسلام آباد، جمعہ، 27 جون 2025 (ڈبلیو این پی): جاپان کے سفارتخانے نے نپون فاؤنڈیشن کے اشتراک سے نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (نیوٹیک) اسلام آباد کو ’ریڈ جاپان پراجیکٹ‘ کے تحت جاپان سے متعلق 92 انگریزی کتب کا قیمتی تحفہ دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد پاکستانی طلباء اور اساتذہ میں جاپان کی ثقافت، سیاست، معیشت اور دیگر شعبوں سے متعلق فہم و ادراک کو فروغ دینا ہے۔
جاپان کے سفیر اَکاماتسو شوئیچی نے نپون فاؤنڈیشن کی جانب سے یہ کتب نیوٹیک کے ریکٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) معظم اعجاز کو یونیورسٹی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران پیش کیں۔
یہ 92 کتب جاپان کی تاریخ، سیاست، معیشت، سلامتی، فلسفہ، ادب، فنون لطیفہ اور ثقافت جیسے اہم موضوعات کا احاطہ کرتی ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپانی سفیر نے نیوٹیک کے طلبہ و اساتذہ کو یہ علمی سرمایہ فراہم کیے جانے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ ان کتب کے ذریعے طلبہ، اساتذہ اور محققین جاپان کی تہذیب، ترقی یافتہ ٹیکنالوجی اور منفرد اقدار سے روشناس ہوں گے۔
انہوں نے نیوٹیک کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ نہ صرف ڈگری پروگرامز بلکہ فنی تربیت اور زبان کے کورسز بھی فراہم کر رہا ہے، جس سے پاکستان کی انسانی وسائل کی ترقی میں نمایاں کردار ادا ہو رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نیوٹیک جاپان کے ٹیکنیکل انٹرن ٹریننگ پروگرام (TITP) کے تحت انٹرنز بھیجنے والا ایک رجسٹرڈ ادارہ ہے، جو پاکستان اور جاپان کے درمیان عوامی روابط کو فروغ دے رہا ہے۔
اس موقع پر ریکٹر نیوٹیک لیفٹیننٹ جنرل (ر) معظم اعجاز نے نپون فاؤنڈیشن اور جاپانی سفارتخانے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کتب طلبہ کے لیے جاپان کے بارے میں سیکھنے اور مستقبل میں پاک-جاپان تعلقات کو مضبوط بنانے کا ایک بہترین موقع فراہم کریں گی۔
واضح رہے کہ ’ریڈ جاپان پراجیکٹ‘ نپون فاؤنڈیشن کا ایک بین الاقوامی منصوبہ ہے، جسے 2008 میں شروع کیا گیا۔ اس منصوبے کے تحت دنیا بھر کی جامعات اور کتب خانوں کو جاپان سے متعلق انگریزی زبان میں کتب فراہم کی جاتی ہیں تاکہ جاپان کے بارے میں عالمی فہم کو فروغ دیا جا سکے۔