اسلام آباد، جمعہ، 27 جون 2025 (ڈبلیو این پی): وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے سوات میں حالیہ افسوسناک واقعے میں 18 قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
سردار یوسف نے واقعے پر خیبر پختونخوا حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ "یہ پہلا واقعہ نہیں، صوبے میں اس نوعیت کے کئی سانحات پہلے بھی پیش آ چکے ہیں، جو صوبائی انتظامیہ کی نااہلی اور مجرمانہ غفلت کا واضح ثبوت ہیں۔”
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ شہری مدد کے لیے مسلسل پکار رہے تھے، مگر کئی گھنٹوں تک کوئی امداد نہ پہنچ سکی۔ "لوگ ڈوبتے رہے اور حکومتی مشینری خوابِ غفلت میں سوئی رہی،” انہوں نے کہا۔
وفاقی وزیر نے صوبائی حکومت سے فوری استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا، "18 انسانوں کی موت صرف ناقص انتظامات نہیں، بلکہ مجرمانہ لاپرواہی کا نتیجہ ہے۔ خیبر پختونخوا حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، اور اسے فوری طور پر مستعفی ہو جانا چاہیے۔”
سردار یوسف نے مطالبہ کیا کہ اس سانحے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ آئندہ ایسے المناک واقعات سے بچا جا سکے۔