ڈاکٹر راغب حسین نعیمی اسٹیٹ بینک کی شریعہ ایڈوائزری کمیٹی کے چیئرمین مقرر

8

اسلام آباد، بدھ، 30 اپریل 2025 (ڈبلیو این پی): ممتاز مذہبی اسکالر ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی شریعہ ایڈوائزری کمیٹی کا چیئرمین مقرر کر دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر سلیم اللہ کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر نعیمی اس وقت لاہور کی معروف دینی درسگاہ جامعہ نعیمیہ کے مہتمم اور اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ گورنمنٹ کالج لاہور کے فارغ التحصیل ہیں، پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے عربی میں گولڈ میڈلسٹ، ایم اے اکنامکس اور اسلامی معاشیات میں پی ایچ ڈی کی ڈگری رکھتے ہیں۔ دینی تعلیم انہوں نے دارالعلوم جامعہ نعیمیہ لاہور سے حاصل کی۔

ڈاکٹر نعیمی مختلف مذہبی، تعلیمی اور سماجی اداروں میں کلیدی عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ وہ پنجاب قرآن بورڈ اور متحدہ علماء بورڈ پنجاب کے چیئرمین، جبکہ پنجاب زکوٰۃ کونسل کے رکن کے طور پر بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ وہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے بھی رکن ہیں۔

اس کے علاوہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی پنجاب یونیورسٹی لاہور اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی سنڈیکیٹس کے بھی رکن ہیں۔ ملک بھر میں تعلیم کے فروغ، قیام امن اور بین المذاہب و بین المسالک ہم آہنگی کے لیے ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

گزشتہ برس صدرِ پاکستان کی جانب سے انہیں مذہبی، تعلیمی اور سماجی خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں