اسلام آباد، بدھ، 30 اپریل 2025 (ڈبلیو این پی): وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اقلیتوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے یہ بات بدھ کی شام نیشنل لائبریری آف پاکستان میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جو بہائی برادری کے مقدس تہوار "عید رضوان” کی مناسبت سے وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر اہتمام منعقد کی گئی تھی۔
سردار یوسف نے کہا کہ اقلیتوں کی جانب سے اپنے مذہبی تہواروں کا آزادانہ انعقاد نہ صرف بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیتا ہے بلکہ معاشرے میں مثبت اور جامع سوچ کو بھی پروان چڑھاتا ہے۔
انہوں نے بہائی برادری کو عید رضوان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن اور اقلیت دوست ملک ہے جہاں تمام مذاہب کے افراد کو اپنی مذہبی رسومات کی آزادی حاصل ہے۔
وفاقی وزیر نے معاشرے سے برائیوں کے خاتمے اور مذہبی و سماجی حقوق کے مزید تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک متوازن اور پُرامن معاشرے کے قیام کے لیے رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔
انہوں نے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اقلیتوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اقلیتی برادریاں پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔