فیلڈ مارشل عاصم منیر اور آذربائیجانی وزیردفاع کی ملاقات، دفاعی تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق

4

لاچن، بدھ، 28 مئی 2025 (ڈبلیو این پی): چیف آف آرمی اسٹاف (سی او اے ایس) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر (نشان امتیاز ملٹری) نے بدھ کے روز لاچن، آذربائیجان میں آذربائیجان کے وزیردفاع کرنل جنرل ذاکر حسنوف سے ایک اعلیٰ سطحی ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور جنوبی ایشیا و قفقاز کے بدلتے ہوئے اسٹریٹجک ماحول پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں فریقین نے خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر غور کیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو سراہا، جو باہمی اعتماد، تاریخی روابط اور مشترکہ اقدار پر مبنی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان، آذربائیجان کے ساتھ دفاعی اشتراک کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مشترکہ تربیتی پروگرامز، استعداد کار میں اضافے اور اسٹریٹجک ہم آہنگی کو فروغ دیتا رہے گا۔

انہوں نے کہا، "ہمارے مسلح افواج کے درمیان دوستی ہمارے ممالک کے درمیان گہرے اور پائیدار تعلقات کا مظہر ہے۔ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ مل کر خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔”

آذربائیجانی وزیردفاع جنرل ذاکر حسنوف نے آذربائیجان کے مشکل اوقات میں پاکستان کی مستقل حمایت کا شکریہ ادا کیا اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو ادارہ جاتی شکل دینے کے لیے تربیتی تبادلے اور مشترکہ اقدامات پر مبنی پروگرامز میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

یہ ملاقات پاکستان، ترکی اور آذربائیجان کے مابین منعقدہ دوسرے سہ فریقی سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی، جو تینوں برادر ممالک کے درمیان علاقائی شراکت داری کو مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں