وزیراعظم شہباز شریف کی مشرق وسطیٰ میں امن اور پاک-بھارت سیزفائر معاہدے میں سعودی کردار کی تحسین

8

اسلام آباد، بدھ، 2 جولائی 2025 (ڈبلیو این پی): وزیراعظم شہباز شریف نے مشرق وسطیٰ میں امن کے فروغ اور پاکستان اور بھارت کے درمیان سیزفائر مفاہمت میں سعودی عرب کے تعمیری اور مؤثر کردار کو سراہا ہے۔

یہ بات انہوں نے بدھ کے روز اسلام آباد میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات کے دوران کہی۔ وزیراعظم نے 24 جون کو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ہونے والی دوستانہ اور خوشگوار ٹیلیفونک گفتگو کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے گہری عقیدت اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے ان کی مسلسل کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جولائی کے لیے صدارت سنبھال لی ہے، اور اس دوران سعودی عرب کے تعاون کی توقع رکھتا ہے تاکہ پاکستان کی صدارت موثر، متوازن اور کامیاب انداز میں آگے بڑھائی جا سکے۔ انہوں نے بین الاقوامی امور میں اہم شراکت داروں کے باہمی تعاون کو انتہائی ضروری قرار دیا۔

اس موقع پر سعودی سفیر نواف المالکی نے بھی خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ ریاض اسلام آباد کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔

ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ اسٹریٹجک تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا جو کہ مشترکہ اقدار، مضبوط سفارتی روابط اور خطے میں امن و خوشحالی کے مشترکہ وژن پر مبنی ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں