پاکستان اور بنگلہ دیش کا سیاسی، ثقافتی اور میڈیا تعاون کے ذریعے تعلقات مزید مضبوط بنانے کا عزم

9

 

اسلام آباد، ہفتہ 16 اگست 2025 (ڈبلیو این پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے یہ بات ہفتہ کے روز پاکستان میں تعینات بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان سے ملاقات میں کہی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور میڈیا تعاون کو بڑھانے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

عطااللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات مثبت سمت میں گامزن ہیں اور اسلام آباد ڈھاکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ سطحی دوروں اور ثقافتی روابط کے ذریعے تعلقات کو نئی جہت دی گئی ہے۔

میڈیا ڈپلومیسی کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے زور دیا کہ فلم، ڈرامہ اور ڈیجیٹل میڈیا کے شعبوں میں تعاون دونوں ممالک کے عوام کو قریب لا سکتا ہے اور خطے میں مثبت بیانیے کو فروغ دے سکتا ہے۔

اس موقع پر ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے تاریخی دوستانہ رشتے ہمیشہ قائم رہیں گے۔

دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مثبت روابط کے تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں