اسلام آباد، جمعہ 15 اگست 2025 (ڈبلیو این پی): پاکستان کے مختلف علاقوں میں تباہ کن سیلاب سے 210 سے زائد قیمتی جانوں کے ضیاع پر پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سفیر ایران نے اپنے تعزیتی پیغام میں حکومتِ پاکستان، عوام اور بالخصوص جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ "اس غم کے گھڑی میں ہماری دعائیں اور نیک تمنائیں اپنے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہیں۔” ڈاکٹر امیری مقدم نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اس مشکل وقت میں برادر ملک پاکستان کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔