پاکستان بیت المال کا عالمی یوم انسداد تمباکو پر پہلا قومی کینسر آگاہی پروگرام (P-CAP) کا اجرا

4

لاہور، ہفتہ، 31 مئی 2025 (ڈبلیو این پی): پاکستان بیت المال (پی بی ایم) نے سرجیکل آنکولوجی سوسائٹی آف پاکستان (SOS-PK) کے اشتراک سے ملک کا پہلا قومی کینسر آگاہی پروگرام (Pakistan Cancer Awareness Program – P-CAP) باضابطہ طور پر متعارف کرا دیا ہے۔ یہ اقدام عالمی یوم انسداد تمباکو کے موقع پر اور قومی انسداد تمباکو مہم کے تحت کیا گیا ہے۔

P-CAP کا تصور پروفیسر ڈاکٹر ذیشان دانش، ڈائریکٹر جنرل پاکستان بیت المال نے پیش کیا، جسے سینیٹر کیپٹن (ر) خالد شاہین بٹ، منیجنگ ڈائریکٹر پی بی ایم کی سفارش پر عملی جامہ پہنایا گیا۔ اس پروگرام کی افتتاحی تقریب لاہور پریس کلب میں پی بی ایم کے ریجنل آفس لاہور کی جانب سے منعقد کی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ذیشان دانش اور سینیٹر خالد شاہین بٹ نے کینسر کی روک تھام، ابتدائی تشخیص، عوامی شعور بیدار کرنے اور مریضوں و ان کے خاندانوں کو مالی و نفسیاتی معاونت فراہم کرنے کے حکومتی عزم کو دہرایا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ تمباکو نوشی سے جُڑے کینسر کے بڑھتے ہوئے واقعات کا مقابلہ مربوط قومی حکمتِ عملی سے ہی ممکن ہے۔

اس آگاہی مہم کے تحت، پی بی ایم اور ایس او ایس پاکستان کی جانب سے اتفاق اسپتال میں عوامی آگاہی کانفرنس اور اس کے بعد آگاہی واک کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس واک میں میڈیکل و فارمیسی کالجز کے طلباء، ماہرین صحت اور عوام کی شرکت متوقع ہے، جس کا مقصد کینسر کی ابتدائی تشخیص کو فروغ دینا اور تمباکو سے پیدا ہونے والی مہلک بیماریوں کے خطرات کو اجاگر کرنا ہے۔

P-CAP کا مقصد ایک صحت مند، کینسر سے باخبر پاکستان کا قیام ہے۔ اس پروگرام کے کلیدی اہداف میں ملک گیر سطح پر کینسر کی روک تھام سے متعلق شعور اجاگر کرنا، تشخیص و علاج تک رسائی کو بہتر بنانا اور مریضوں و ان کے اہلِ خانہ کو مالی و جذباتی سہارا فراہم کرنا شامل ہے۔

یہ انقلابی اقدام نہ صرف پاکستان بیت المال کے صحتِ عامہ سے متعلق کردار کو وسعت دیتا ہے بلکہ ملک میں کینسر کے خلاف جدوجہد میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ تعلیم، اشتراکِ عمل اور مؤثر طبی حکمت عملی کے ذریعے، P-CAP ایک پائیدار اور دیرپا تبدیلی کی بنیاد رکھتا ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں