اسلام آباد، جمعہ 15 اگست 2025 (ڈبلیو این پی): پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات میں ایک اور سنگ میل طے ہوگیا ہے، جب سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ (ایس ایف ڈی) نے پاکستان میں صحت اور توانائی کے تین بڑے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 12 کروڑ 10 لاکھ ڈالر مالیت کے کنسلٹنسی معاہدوں پر دستخط کیے۔
اسلام آباد میں منعقدہ دستخطی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ یہ منصوبے پاکستانی عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کریں گے، معیشت کو تقویت دیں گے اور ترقی کے سفر کو آگے بڑھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ "یہ تقریب سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان گہرے تعلقات کی علامت ہے، جو باہمی احترام، مشترکہ اقدار اور ترقی و خوشحالی کے یکساں وژن پر قائم ہیں۔”
سعودی سفیر نے یقین دہانی کرائی کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب پاکستان کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا۔ انہوں نے پاکستان کے یوم آزادی پر حکومت اور عوام کو مبارکباد بھی دی۔
منصوبوں کی تفصیل
کنگ سلمان ہسپتال ترلائی: سعودی عرب کی 2 کروڑ ڈالر کی گرانٹ سے تعمیر ہوگا۔
شونٹر ہائیڈرو پاور پراجیکٹ (آزاد کشمیر): 6 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا نرم قرضہ فراہم کیا جائے گا۔
جگران ہائیڈرو پاور پراجیکٹ (آزاد کشمیر): 3 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا نرم قرضہ دیا جائے گا۔
تقریب میں سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن ڈاکٹر عظیم نیاز، ایس ایف ڈی کے ڈائریکٹر جنرل برائے ایشیا ڈاکٹر سعود الشمری اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
ڈاکٹر عظیم نیاز نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور ایس ایف ڈی کی معاونت سے صحت، توانائی اور انفراسٹرکچر سمیت مختلف شعبوں میں ترقی کے نئے دروازے کھلے ہیں۔
ڈاکٹر سعود الشمری نے بتایا کہ اب تک سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ پاکستان میں 23 منصوبوں کیلئے 53 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی گرانٹس اور 21 منصوبوں کیلئے ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کے نرم قرضے فراہم کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "یہ معاونت پاکستان کے پائیدار مستقبل اور ایس ڈی جیز کے حصول میں اہم کردار ادا کرے گی۔”