شیخ عبدالرحمن السدیس کی ہدایت: خطبہ جمعہ اور نمازوں کے درمیانی وقفے کو محدود کر دیا گیا

4

مکہ مکرمہ، منگل، 27 مئی 2025 (ڈبلیو این پی): حرمین شریفین کے امور کے نگران اور صدارتِ عامہ برائے امورِ مسجد الحرام و مسجد نبوی کے صدر شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے حج 1446ھ کے موقع پر گرمی کی شدت اور حجاج کرام کے ہجوم کے پیشِ نظر اہم انتظامی ہدایات جاری کی ہیں۔

ان ہدایات کے تحت آئندہ خطبہ جمعہ کو مختصر کیا جائے گا جبکہ تمام نمازوں میں اذان اور اقامت کے درمیانی وقفے کو پانچ سے دس منٹ کے اندر محدود رکھا جائے گا۔ یہ اقدام حجاج کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے اور عبادات کو سہل بنانے کی غرض سے کیا گیا ہے۔

شیخ السدیس نے کہا کہ "دو مقدس مساجد میں شدید گرمی اور بڑے اجتماعات کے پیش نظر یہ فیصلہ سن اسٹروک، تھکن اور دیگر جسمانی مسائل سے بچاؤ کے لیے ناگزیر ہے۔”

انہوں نے واضح کیا کہ خطبہ جمعہ اور نماز کی کل مدت کو 15 منٹ سے تجاوز نہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ زائرین زیادہ دیر تک کھلی دھوپ اور گرمی میں نہ رہیں، خصوصاً مطاف، بالائی منزلوں اور کھلے صحنوں میں عبادت کرنے والے افراد کو ریلیف دیا جا سکے۔

شیخ السدیس نے کہا کہ یہ فیصلہ اسلامی اصولوں—یعنی آسانی، رحمت اور مشقت کے ازالے—کے عین مطابق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "حرمین شریفین کے منبر کو دنیا بھر کے مسلمانوں کے دلوں میں خصوصی مقام حاصل ہے، اور یہ قدم زائرین کو روحانی فوائد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی جسمانی راحت کو بھی یقینی بنائے گا۔”

انہوں نے خادمِ حرمین شریفین اور ولی عہد کی ہدایات کے مطابق زائرین کی خدمت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ صحت، تحفظ اور عبادات میں آسانی کو فوقیت دینا شریعت کے اعلیٰ مقاصد میں شامل ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ اقدام نہ صرف رش کم کرنے میں مدد دے گا بلکہ لاکھوں حجاج کے لیے عبادات کا ماحول مزید پرسکون اور سہل بنائے گا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں