اسلام آباد، منگل، یکم جولائی 2025 (ڈبلیو این پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے منگل کے روز ایران کے عوام اور حکومت سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مشکل وقت میں پاکستان کی بھرپور ہمدردی اور غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے اسلام آباد میں قائم اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانے کا دورہ کیا جہاں انہوں نے حالیہ اسرائیلی جارحیت میں شہید اور زخمی ہونے والے ایرانی شہریوں کی یاد میں کھولی گئی تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔
وزیراعظم کے ہمراہ ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ بھی موجود تھے۔ سفارتخانے پہنچنے پر ایران کے سفیر رضا امیری مقدم اور سینئر سفارتی عملے نے ان کا خیرمقدم کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر ایرانی عوام کی جرات، حوصلے اور استقامت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے شہداء کے لیے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔
انہوں نے رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای اور صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے لیے بھی نیک تمناؤں اور گہرے احترام کا اظہار کیا، اور ایرانی قیادت کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان ہر مشکل گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
وزیراعظم کا یہ دورہ خطے میں امن اور یکجہتی کے لیے اسلام آباد کے سنجیدہ اور پرخلوص عزم کی عکاسی کرتا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ پاکستان نے ایک بار پھر اپنے اصولی مؤقف کا اعادہ کیا کہ امن، سفارتکاری اور باہمی احترام ہی خطے کے دیرپا استحکام کا راستہ ہیں۔