سعودی عرب میں شراب کی فروخت کے لائسنس سے متعلق غیر ملکی میڈیا کی خبریں بے بنیاد قرار

6

ریاض، پیر، 26 مئی 2025 (ڈبلیو این پی): سعودی عرب نے غیر ملکی میڈیا کی ان خبروں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ مملکت 2026 سے شراب کی فروخت کے لائسنس جاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ باخبر سعودی ذرائع کے مطابق یہ دعوے نہ صرف بے بنیاد ہیں بلکہ سعودی عرب کی موجودہ پالیسیوں اور قوانین سے مطابقت بھی نہیں رکھتے۔

عرب نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی ذرائع نے واضح کیا کہ "یہ دعوے کسی بھی متعلقہ سرکاری ادارے کی جانب سے تصدیق شدہ نہیں ہیں اور مملکت کے موجودہ ضوابط و پالیسیوں کی عکاسی نہیں کرتے۔”

ذرائع کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اپنی وژن 2030 کی پالیسی کے تحت سیاحت کے شعبے میں ترقی کے لیے پرعزم ہے، تاہم مملکت کی ترجیح اب بھی یہ ہے کہ آنے والے سیاحوں کو ایک ثقافتی اور روایتی طور پر مربوط تجربہ فراہم کیا جائے، جو مقامی اقدار سے ہم آہنگ ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ "یہ نقطہ نظر عالمی سیاحوں کو خاصا متاثر کر رہا ہے، جو سعودی عرب کے قدرتی مناظر، تاریخی ورثے اور متنوع ثقافتی مقامات کی تلاش میں یہاں کا رخ کر رہے ہیں۔”

غیر مسلم سفارتکاروں کے لیے شراب سے متعلق ضوابط پر وضاحت دیتے ہوئے ذرائع نے بتایا کہ سعودی حکومت نے سفارتی ترسیلات میں شفافیت اور نگرانی کو یقینی بنانے کے لیے نیا فریم ورک متعارف کرایا ہے۔ اس کے تحت غیر مسلم ممالک کی سفارتخانوں کو اب شراب یا دیگر ممنوعہ اشیاء کو سفارتی سامان کے ذریعے درآمد کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ مخصوص اشیاء تک محدود اور ضابطہ شدہ رسائی بدستور ممکن ہے، بشرطیکہ سخت قواعد و ضوابط کی مکمل پاسداری کی جائے۔

حکام نے سعودی عرب میں سیاحت کے شعبے میں ہونے والی ترقی کو نمایاں کرتے ہوئے بتایا کہ 2024 میں مملکت نے 2 کروڑ 97 لاکھ غیر ملکی سیاحوں کا خیر مقدم کیا، جو 2023 کے مقابلے میں 8 فیصد اضافہ ہے۔ اسی برس ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی مجموعی اخراجات 283.8 ارب سعودی ریال رہے، جن میں 168.5 ارب ریال غیر ملکی سیاحوں کی جانب سے خرچ کیے گئے۔

ذرائع کے مطابق، "یہ اعداد و شمار سعودی معیشت کو متنوع بنانے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں سیاحت کے شعبے کے اہم کردار کو ظاہر کرتے ہیں۔”

حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب کی سیاحتی حکمتِ عملی ثقافتی شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے عالمی سطح پر مزید سیاحوں کو راغب کرنے کے لیے بنیادی ڈھانچے اور مہمان داری کی سہولیات کو وسعت دیتی رہے گی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں