کیمبرج، 24 اپریل 2025 (ڈبلیو این پی): پاکستان کی وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت اور یونیورسٹی آف کیمبرج کے سینٹر فار ساؤتھ ایشین اسٹڈیز کے درمیان جمعرات کو ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے، جس کے تحت ’’علامہ اقبال وزٹنگ فیلوشپ‘‘ قائم کی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلیمی و ثقافتی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔
یہ معاہدہ پاکستان کے ہائی کمشنر برائے برطانیہ ڈاکٹر محمد فیصل اور یونیورسٹی آف کیمبرج کی پروفیسر شیلجا فینل کے درمیان ایک خصوصی تقریب کے دوران طے پایا، جو کیمبرج میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں یونیورسٹی آف کیمبرج کے پرو وائس چانسلر پروفیسر کمال منیر، شعبہ سیاسیات کی سربراہ پروفیسر جوڈ براؤن اور پاکستان ہائی کمیشن لندن کے افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈاکٹر فیصل نے علامہ محمد اقبال کی فکری اور ادبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’اقبال کا کلام اور فلسفہ پاکستان کے قیام کی تحریک کے لیے ایک انقلابی محرک ثابت ہوا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’اقبال کو پاکستان کی فکری بنیاد رکھنے والا معمار تسلیم کیا جاتا ہے جن کے نظریات نے قائداعظم محمد علی جناح جیسے رہنماؤں کو گہرے طور پر متاثر کیا۔‘‘
ہائی کمشنر نے اس فیلوشپ کو پاکستان کی ثقافتی، ادبی اور فکری ورثے کو دنیا کی ایک ممتاز جامعہ میں اجاگر کرنے کی ایک ’’سنگ میل حیثیت رکھنے والی کوشش‘‘ قرار دیا۔
معاہدے کے مطابق، حکومتِ پاکستان ہر سال نامور اسکالرز کو فیلوشپ کے لیے نامزد کرے گی، جن میں سے ایک کا انتخاب سینٹر فار ساؤتھ ایشین اسٹڈیز، کیمبرج کرے گا۔
منتخب ہونے والا علامہ اقبال وزٹنگ فیلو پاکستان کی تاریخ، زبانوں، ادب، سیاست، ثقافت، معاشرہ اور جغرافیہ جیسے موضوعات پر طلبہ اور ماہرین تعلیم کے ساتھ علمی تبادلہ کرے گا۔ اس کے علاوہ، وزٹنگ فیلو کیمبرج یونیورسٹی میں اردو، پاکستان اسٹڈیز، پاکستانی ادب اور جنوبی ایشیائی ثقافت جیسے مضامین کی تدریس میں بھی حصہ لے گا۔
دونوں فریقین نے اس معاہدے کو تعلیمی تعاون کے فروغ اور پاکستان و برطانیہ کے درمیان باہمی فہم و ارتباط کی مضبوطی کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔