ماسکو میٹرو کے 90 سال مکمل، جدیدیت اور انفراسٹرکچر میں انقلاب

4

ماسکو، منگل 20 مئی 2025 (ڈبلیو این پی): دنیا کے بڑے اور طویل ترین شہری ٹرانسپورٹ نظاموں میں شمار ہونے والی ماسکو میٹرو نے اپنے قیام کے 90 سال مکمل کر لیے ہیں، جو نظامِ نقل و حمل کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔

سال 2024 میں ہی اس میٹرو نیٹ ورک نے 2.7 ارب مسافروں کو منزل تک پہنچایا، جو اس کی وسعت اور کارکردگی کا واضح ثبوت ہے۔

1935 میں اپنے افتتاح کے بعد سے، ماسکو میٹرو نے مسلسل ترقی کی ہے۔ آج اس کا نیٹ ورک 550 کلومیٹر سے زائد پٹریوں پر محیط ہے اور اس میں 302 اسٹیشنز شامل ہیں، جہاں یومیہ اوسطاً 80 لاکھ سفر انجام پاتے ہیں۔

ماسکو کے نائب میئر برائے ٹرانسپورٹ اور صنعت، مکسم لِکسوتوف نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ، "1935 میں میٹرو کا آغاز ہماری دارالحکومت اور پورے ملک کے لیے ایک تاریخی موقع تھا۔ اُس وقت کے محنت کشوں نے مسافروں کی خدمت کے لیے اعلیٰ معیار قائم کیا، اور آج ہم ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانن کے وژن کے مطابق انہی معیارات کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔”

نائب میئر نے بتایا کہ آج ماسکو میٹرو میں 65 ہزار سے زائد افراد خدمات انجام دے رہے ہیں، جو نہ صرف روزانہ لاکھوں افراد کو سفر کی سہولت فراہم کرتے ہیں بلکہ شہریوں کا اعتماد بھی جیتنے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا، "میں تمام ملازمین کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور ان کے لیے مسلسل کامیابی کی دعا کرتا ہوں۔”

انہوں نے کہا کہ 11.5 کلومیٹر طویل ایک لائن اور 13 اسٹیشنز کے ساتھ شروع ہونے والا یہ نظام، گزشتہ نو دہائیوں میں تسلسل کے ساتھ وسعت پاتا گیا ہے۔ آج میٹرو میں جدید ٹرینیں شامل ہیں جن کی شرح 75 فیصد سے زائد ہے۔ ان ٹرینوں میں خودکار رفتار کنٹرول، اوپن گیٹوے، اور جدید حفاظتی نظام شامل ہیں، جو سفر کو مزید محفوظ اور آرام دہ بناتے ہیں۔

نائب میئر نے مزید بتایا کہ جدیدیت کے اس سفر میں ماسکو میٹرو نے ڈیجیٹل ٹکٹنگ کے متعدد نظام متعارف کرائے ہیں، جن میں اسمارٹ کارڈز، ورچوئل ٹکٹنگ، اور بایومیٹرک ادائیگی جیسے حل شامل ہیں، جو اب روزانہ کے زیادہ تر سفر میں استعمال ہو رہے ہیں۔

90ویں سالگرہ کے موقع پر شہر بھر میں مختلف تقریبات اور نمائشوں کا انعقاد بھی کیا گیا، جن میں ابتدائی دور کی بحال شدہ ٹرینوں، نادر آرکائیو مواد اور ماسکو میٹرو کی ترقیاتی تاریخ کو اجاگر کیا گیا۔

اپنے بھرپور ماضی، جدید انفراسٹرکچر اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی کے ساتھ ماسکو میٹرو آج بھی دنیا کے مصروف ترین میٹرو نظاموں میں نمایاں مقام رکھتا ہے، جو نہ صرف ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ترقی کی علامت ہے بلکہ شہری سہولت کے عالمی معیار کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں