خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان کی ہدایت پر 1000 فلسطینی عازمین حج کی میزبانی، تمام اخراجات ذاتی طور پر برداشت کریں گے: ڈاکٹر العتیبی

5

اسلام آباد، منگل، 20 مئی 2025 (ڈبلیو این پی): خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے رواں سال حج کے لیے شہداء، اسیران اور زخمیوں کے رشتہ داروں سمیت ایک ہزار فلسطینی عازمین کی میزبانی کی ہدایت کی ہے، جس کے تمام اخراجات وہ اپنی ذاتی حیثیت میں برداشت کریں گے۔ یہ اعلان سعودی پریس اتاشی ڈاکٹر نائف العتیبی نے پیر کے روز کیا۔

ڈاکٹر العتیبی نے ایک بیان میں، جو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری کیا گیا، بتایا کہ یہ اقدام خادم الحرمین الشریفین کے مہمانوں کے لیے حج، عمرہ اور زیارت کے پروگرام کا حصہ ہے، جسے سعودی وزارت اسلامی امور، دعوت و ارشاد کے تحت نافذ کیا گیا ہے۔

اس انسان دوست اقدام کو مختلف حلقوں کی جانب سے سراہا گیا ہے۔ سینئر صحافی طاہر خان نے اسے وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا: "جب اسرائیلی جارحیت سے بے گناہ خواتین اور بچوں کی جانیں ضائع ہو رہی ہیں، تو سعودی قیادت کی یہ فیاضی فلسطینی شہداء، قیدیوں اور زخمیوں کے خاندانوں کے لیے روحانی سکون کا باعث بنے گی۔”

ادھر سعودی وزیر برائے اسلامی امور اور مہمانوں کے پروگرام کے نگرانِ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے مملکت کی فلسطینی عوام سے غیر متزلزل وابستگی اور اسلامی یکجہتی کی علامت قرار دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ "یہ اقدام فلسطینیوں کے لیے مناسک حج کی ادائیگی کو آسان بنانے کی قیادت کی مسلسل کاوشوں کا تسلسل ہے۔” ان کے مطابق وزارت نے اس مقصد کے لیے ایک جامع لاجسٹک پلان بھی فعال کر دیا ہے تاکہ عازمین کی روانگی سے واپسی تک ہر مرحلے پر مکمل معاونت فراہم کی جا سکے۔

واضح رہے کہ خادم الحرمین الشریفین مہمان پروگرام کے آغاز (1417 ہجری) سے اب تک دنیائے اسلام کے مختلف ممالک سے 64,000 سے زائد افراد حج کی سعادت حاصل کر چکے ہیں، جو سعودی عرب کے اسلامی دنیا میں مرکزی کردار اور دو مقدس مساجد کی خدمت کے عزم کا مظہر ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں