اسلام آباد، اتوار، 10 اگست 2025 (ڈبلیو این پی): اسلام آباد میں انڈونیشیا کے سفارتخانے نے اتوار کو آزادی کی 80ویں سالگرہ کی تقریبات کا آغاز کر دیا جو 17 اگست کو منائی جائے گی۔ اس موقع پر سفارتخانہ انڈونیشی کمیونٹی اور ان کے اہل خانہ کے لیے خوشیوں اور ثقافتی رنگوں کا مرکز بنا رہا۔
اس تقریب میں انڈونیشیا کے نامزد سفیر چندرا وارسینانتو سوکوچو اور ان کی اہلیہ تمارا وائی. سوکوچو نے خصوصی شرکت کی۔ اس کے علاوہ سفارتی عملہ، طلبہ، پروفیشنلز، پائلٹس، اقوام متحدہ اور بین الاقوامی اداروں کے نمائندے، اور پاکستانیوں و دیگر غیر ملکیوں سے شادی شدہ انڈونیشی شہری بھی شریک ہوئے۔
تقریب کا آغاز صبح کی ورزش اور پرجوش زومبا سیشن سے ہوا جس میں شرکاء نے انڈونیشی پرچم کے رنگوں سرخ اور سفید ٹی شرٹس پہن کر حب الوطنی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر چندرا نے کہا کہ "ہمیں انڈونیشین ہونے پر فخر ہے۔ یہ خوشی، اتحاد اور فخر کا دن ہے جس میں ہمیں اپنی روایات کو زندہ رکھتے ہوئے ایک خاندان کی طرح جشن منانا چاہیے۔” انہوں نے کمیونٹی کو 17 اگست کو پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی دعوت بھی دی۔
تقریبات میں بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، والی بال، فٹسل سمیت انڈونیشی روایتی کھیل جیسے رسی کشی (تارک تمبانگ)، بوری دوڑ (بالاپ کارونگ) اور ٹماٹر ڈانس (جوگت ٹومات) شامل تھے جنہوں نے محفل کو مزید پرجوش بنا دیا۔
انڈونیشی طلبہ کی جانب سے لگائے گئے کھانوں کے اسٹالز نے شرکاء کو دیس کی یاد تازہ کر دی۔ روایتی پکوان جیسے ناسی ایام بکار (بھنے ہوئے چکن کے ساتھ چاول)، ناسی پیسل (سبزیوں کے ساتھ چاول)، بکاوان (انڈونیشی پکوڑے)، رسل مایونیز، اور میٹھے پکوان جیسے پسانگ ہجاو اور ایس چنچاو خاص توجہ کا مرکز رہے۔
تقریب میں شریک کمیونٹی ممبران نے خوشی کا اظہار کیا۔ پاکستانی سے شادی شدہ انڈونیشی شہری مسز لینی رینا نے کہا کہ "یہ موقع انڈونیشی ثقافت اور کھانوں سے لطف اندوز ہونے کا شاندار موقع ہے۔” اقوام متحدہ کی نمائندہ نورل نے کہا، "یہ تقریب صرف جشن نہیں بلکہ اپنی جڑوں سے جڑنے کا ذریعہ ہے۔” بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کی طالبہ خلیفہ عزیزہ نے کہا، "یہ تقریب ہمیں گھر جیسا احساس دیتی ہے۔”
اس موقع پر سفیر چندرا نے آئی بیکس انڈونیشیا کے ایڈوائزر اسروبوڈی اور ان کی ٹیم کا بھی خیرمقدم کیا، جو چھ انڈونیشی کوہ پیماؤں پر مشتمل ہے۔ یہ ٹیم گلگت بلتستان کے اسکردو میں ٹرینگو ٹاورز کی مہم جوئی پر روانہ ہوگی، جو پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی یادگار کے طور پر کی جا رہی ہے۔
یہ دن بھر جاری رہنے والی تقریب انعامی قرعہ اندازی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی اور شرکاء اپنے ساتھ اتحاد، ثقافتی فخر اور خوشگوار یادیں لے کر رخصت ہوئے۔