اوسلو میں پاکستان کے 78ویں یوم آزادی اور "معرکۂ حق” کی شاندار تقریبات، وطن سے والہانہ محبت کا اظہار

5

 

اوسلو، جمعرات 14 اگست 2025 (ڈبلیو این پی): ناروے میں پاکستان کے سفارتخانے میں یوم آزادی کی 78ویں سالگرہ اور مئی 2025 میں بھارت کے خلاف حاصل ہونے والی تاریخی "معرکۂ حق” فتح کو ملی جوش و جذبے اور رنگا رنگ تقریبات کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کے 500 سے زائد اراکین اور ناروے کے دوستوں نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب میں نمایاں مہمانوں میں اقوام متحدہ کے سابق عہدیدار اور "ہلالِ قائداعظم” ایوارڈ یافتہ کنت اوسٹبی، ممتاز مصنف و سابق سیاستدان "ستارۂ قائداعظم” خالد محمود، ناروے کی پارلیمنٹ کے رکن عابد راجہ اور لاہور ہائی کورٹ کے جج شہرام سرور چوہدری شامل تھے۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا۔ بعد ازاں پاکستان کی سفیر سعدیہ الطاف قاضی نے قومی ترانہ کی دھن پر پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر 6×4 میٹر کا پاکستانی پرچم، جو ناروے کی پارلیمنٹ کے سابق نائب اسپیکر اور "ستارۂ قائداعظم” ایوارڈ یافتہ اختر چوہدری نے تحفے میں دیا تھا، عمارت کی دیوار پر آویزاں کیا گیا۔

صدرِ پاکستان، وزیرِاعظم اور ڈپٹی وزیرِاعظم/وزیرِ خارجہ کے پیغامات بالترتیب سفیر سعدیہ الطاف قاضی، ہیڈ آف چانسری ڈاکٹر ربیل مصطفیٰ سومرو اور کاؤنسلر محمد فراز نے پڑھ کر سنائے۔

رنگا رنگ ثقافتی پروگرام میں تقاریر، ملی نغمے، شعری محافل، صوبائی ثقافتی ملبوسات میں بچوں کی فینسی ڈریس پریڈ اور ملی نغمے "مٹی کی قسم” پر پیش کیا گیا خوبصورت ٹیبلو شامل تھا۔ مقررین اور شعراء نے "معرکۂ حق” میں مسلح افواج کی بہادری کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

اپنے کلیدی خطاب میں سفیر سعدیہ الطاف قاضی نے یوم آزادی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے بانیانِ پاکستان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور ناروے میں مقیم پاکستانی برادری کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے آپریشن "بنیان المرصوص” میں افواجِ پاکستان کی عسکری مہارت اور مئی 2025 کی جھڑپوں میں شہید ہونے والے جوانوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

تقریب میں کنت اوسٹبی کو صدر پاکستان کی جانب سے ہلالِ قائداعظم کا اعزاز بھی باضابطہ طور پر پیش کیا گیا۔ آخر میں شرکاء کو اسنادِ تعریفی تقسیم کی گئیں، پاکستان، مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کی آزادی اور ملکی امن و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، جبکہ تقریب کا اختتام شرکاء کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانے پر ہوا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں