واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شاندار استقبال

7

واشنگٹن ڈی سی، منگل، 17 جون 2025 (ڈبلیو این پی): چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، کا امریکی دارالحکومت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے ان کے سرکاری دورہ امریکہ کے موقع پر پرتپاک خیرمقدم کیا۔

واشنگٹن ڈی سی میں منعقدہ اس تقریب کو پاک فوج اور بیرون ملک پاکستانیوں کے درمیان روابط کو فروغ دینے کے ایک مؤثر پلیٹ فارم کے طور پر سراہا گیا، جہاں بڑی تعداد میں پاکستانی نژاد افراد شریک ہوئے۔

تقریب کے دوران تارکین وطن پاکستانیوں نے آپریشن "بنیان مرصوص/معرکۂ حق” سمیت قومی سلامتی کے مختلف محاذوں پر پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت، قربانیوں اور عزم کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اوورسیز پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا اور انہیں پاکستان کے حقیقی سفیر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ترسیلاتِ زر، سرمایہ کاری، اور مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کے ذریعے نہ صرف ملکی معیشت میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص بھی اجاگر کر رہے ہیں۔

آرمی چیف نے کمیونٹی سے براہ راست بات چیت کے دوران ان کے تجربات، تحفظات اور تجاویز کو سنا اور کہا کہ وطن سے جڑے رہنے کا جذبہ قابلِ قدر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قومی ترقی، استحکام اور درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بیرون ملک پاکستانیوں کے ساتھ مسلسل اور مؤثر روابط ناگزیر ہیں۔

تقریب کے اختتام پر پاکستانی کمیونٹی اور فوجی قیادت کے درمیان ملک کے روشن مستقبل کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا، جس میں ایک محفوظ، خوشحال اور مضبوط پاکستان کی تعمیر کے لیے اجتماعی کوششوں پر اتفاق کیا گیا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں