پاکستان کا متحدہ عرب امارات کے طرزِ حکمرانی سے استفادے کا عزم، علم و تجربے کے تبادلے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

7

اسلام آباد، پیر، 16 جون 2025 (ڈبلیو این پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے جدید طرزِ حکمرانی سے سیکھنے کا خواہاں ہے تاکہ گورننس، شفافیت، اور ترقیاتی عمل کو مؤثر بنایا جا سکے۔

انہوں نے یہ بات پیر کے روز متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر برائے کابینہ امور و مسابقت اور علم کے تبادلے، عبداللہ ناصر لوتاہ کی قیادت میں آنے والے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ وفد میں پاکستان میں تعینات اماراتی سفیر حمد عبید الزعابی اور حکومتِ امارات کے علم تبادلہ دفتر کے اعلیٰ حکام بھی شامل تھے۔

وزیراعظم نے پاکستان میں حالیہ انتظامی اصلاحات پر روشنی ڈالی جن میں ڈیجیٹلائزیشن، پیپر لیس معیشت، اور فیس لیس کسٹمز سسٹم شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اصلاحات کی کامیابی کے لیے متحدہ عرب امارات کے کامیاب ماڈل سے سیکھنا ناگزیر ہے تاکہ ڈیٹا پر مبنی فیصلے اور مؤثر طرزِ حکمرانی کو فروغ دیا جا سکے۔

وزیراعظم نے ابوظہبی میں یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ہونے والی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے اس امر کو سراہا کہ امارات نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے، بالخصوص پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ میں کمی کے لیے مثبت کردار ادا کیا۔

ملاقات کے دوران عبداللہ ناصر لوتاہ نے پاکستان کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کے ساتھ گورننس اور ادارہ جاتی ترقی کے شعبوں میں اپنے تجربات شیئر کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کی یو اے ای کی ترقی میں اہم خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور عبداللہ ناصر لوتاہ کی موجودگی میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے، جس کا مقصد پبلک سیکٹر میں اختراع، پرفارمنس امپروومنٹ، اور گورننس کو بہتر بنانا ہے۔

مفاہمتی یادداشت میں گڈ گورننس، انسانی وسائل کی ترقی، ترقیاتی منصوبہ بندی، سائنس و ٹیکنالوجی، اور شہری منصوبہ بندی جیسے شعبے شامل ہیں۔

تقریب میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر تجارت جام کمال خان، اور وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

قبل ازیں، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے یو اے ای وفد کا استقبال کیا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر تفصیلی بات چیت کی۔ دونوں فریقین نے آئندہ ماہ ابوظہبی میں ہونے والے پاکستان-یو اے ای جوائنٹ منسٹریل کمیشن (JMC) کے 12ویں اجلاس کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا۔

بعدازاں، اسحاق ڈار کی زیرصدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں گورننس، ادارہ جاتی ترقی، اور تجارت، انفراسٹرکچر، صحت، اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں یو اے ای کی سرمایہ کاری کے امکانات پر غور کیا گیا۔

اس موقع پر ڈار نے پاکستان اور یو اے ای کے درمیان اسٹریٹجک اور اقتصادی شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں