اسلام آباد، پیر، 16 جون 2025 (ڈبلیو این پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایران پر حالیہ اسرائیلی فوجی حملوں کی شدید مذمت کا اعادہ کرتے ہوئے بے گناہ شہریوں کی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
یہ بات انہوں نے پیر کے روز پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس کے موقع پر پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم سے ملاقات کے دوران کہی، جس کی تفصیل وزیراعظم آفس کے میڈیا وِنگ کی جانب سے جاری بیان میں فراہم کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خطے کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا یقین دلایا۔
انہوں نے اس موقع پر ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکین سے حالیہ ٹیلیفونک رابطے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے حالیہ اجلاس میں ایران کے مؤقف کی حمایت کی۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ اسرائیلی حملے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
ملاقات میں وزیراعظم نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر روشنی ڈالی اور طاقت کے یکطرفہ استعمال کی مخالفت پر مبنی پاکستان کے اصولی مؤقف کو دہرایا۔