پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

4

اسلام آباد، جمعہ، 30 مئی 2025 (ڈبلیو این پی): پاکستان اور ایتھوپیا نے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے تاکہ تعلیمی تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے علمی معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔

یہ اتفاق رائے جمعہ کے روز ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بیکر عبدلہ اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد کے درمیان ایچ ای سی کے دفتر اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں طے پایا۔

ملاقات میں طلبہ اور اساتذہ کے تبادلے، اعلیٰ تعلیم میں معیار کے فروغ کے لیے نصاب سازی، ڈیجیٹل تعلیم میں مہارت کا تبادلہ، اور زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی، طب، انجینئرنگ اور مصنوعی ذہانت سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ تحقیق جیسے ممکنہ تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈاکٹر جمال بیکر نے اس موقع پر کہا کہ ایتھوپیا کے وزیر اعظم ڈاکٹر ابی احمد تعلیم کے معیار اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کو خاص اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں وسیع تجربے کو سراہا اور کہا کہ ایتھوپیا اس سے انسانی وسائل کی ترقی میں خاطر خواہ فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

انہوں نے تعلیم کے شعبے میں سفارت کاری کو دونوں ممالک کے درمیان پائیدار تعلقات کے قیام کا کلیدی ستون قرار دیا۔

چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے ایتھوپین سفیر کے اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان ایتھوپیا کی تعلیمی ترقی میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ انہوں نے پاکستان کے اعلیٰ تعلیم کے نظام، خاص طور پر ڈیجیٹل لرننگ پلیٹ فارمز اور تحقیقی ڈھانچے میں ہونے والی پیش رفت سے سفیر کو آگاہ کیا۔

ڈاکٹر مختار نے ایتھوپیا کے طلبہ کو پاکستان کی سرکاری جامعات میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے اور دونوں ممالک کے تعلیمی اداروں کے درمیان ادارہ جاتی روابط قائم کرنے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے ایتھوپیا کی وزارت تعلیم کے اعلیٰ حکام اور ممتاز جامعات کے سربراہان کو 23 تا 25 جون 2025 کو رباط، مراکش میں ہونے والے چھٹے وائس چانسلرز فورم میں شرکت کی باضابطہ دعوت بھی دی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں