برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی کی وزیرِاعظم شہباز شریف سے ملاقات، علاقائی امن کی حمایت کا اعادہ

4

اسلام آباد، جمعہ، 16 مئی 2025 (ڈبلیو این پی): برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی ایم پی، جو اِن دنوں سرکاری دورے پر پاکستان میں موجود ہیں، نے جمعہ کے روز وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے وزیرِاعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے بھارت کی حالیہ بلاجواز جارحیت اور بے بنیاد الزامات کے تناظر میں پاکستان کی پُرامن پالیسی اور تحمل کو اجاگر کرتے ہوئے جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا ردعمل حقِ دفاع کے تحت تھا، جو مکمل طور پر ناپ تول کر، متناسب اور ہدف پر مبنی تھا۔ وزیرِاعظم نے اس عزم کو دہرایا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا، تاہم جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔

وزیرِاعظم نے برطانوی بادشاہ چارلس سوم اور وزیرِاعظم کیئر سٹارمر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور پاکستان و برطانیہ کے درمیان مثبت تعلقات پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے باہمی تعاون کو تجارت، ترقی، تعلیم اور سیکیورٹی سمیت تمام شعبوں میں فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے وزیرِاعظم شہباز شریف کو جنگ بندی معاہدے پر مبارک باد دی اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔ انہوں نے علاقائی امن، استحکام اور بات چیت کے فروغ کے لیے برطانیہ کی مسلسل حمایت کا یقین دلایا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور علاقائی و عالمی چیلنجز پر قریبی رابطے کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں