پاکستان کا بھارت کو دوٹوک پیغام: سندھ طاس معاہدے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا

13

اسلام آباد، جمعہ، 25 اپریل 2025 (ڈبلیو این پی): پاکستان نے بھارت کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں سندھ طاس معاہدے کے تحفظ اور اپنی علاقائی خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھانے کا دوٹوک اعلان کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ شفقات علی خان نے جمعہ کو ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا، ’’سندھ طاس معاہدہ بالکل واضح ہے، یہ پاکستان کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔ یہ ہمارا حق ہے، جو بین الاقوامی قانون، رواجی قانون اور دوطرفہ معاہدوں سے تسلیم شدہ ہے۔ پاکستان اس حق کے تحفظ کے لیے ہر آپشن پر غور کرے گا۔‘‘

انہوں نے بتایا کہ پاکستان دوست ممالک سے رابطے میں ہے تاکہ انہیں صورت حال سے آگاہ رکھا جائے، تاہم تاحال کسی قسم کی ثالثی کی کوششیں سامنے نہیں آئیں۔

ترجمان نے قومی سلامتی کمیٹی کے حالیہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کا اعادہ کیا جن میں واہگہ بارڈر کی بندش، تجارتی و فضائی رابطے معطل کرنا، سفارتی تعلقات کی سطح کم کرنا اور ویزا کی معطلی شامل ہے، تاہم سکھ یاتریوں کے لیے استثنیٰ برقرار ہے۔

شفقات علی خان نے واضح کیا کہ بھارت کو سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل یا تبدیل کرنے کا کوئی قانونی یا اخلاقی اختیار حاصل نہیں۔ ’’پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے جو بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی پاسداری کرتا ہے، مگر معاملات یکطرفہ طور پر نہیں چل سکتے۔ اگر بھارت معاہدے کو روکنے یا اس میں بڑی تبدیلی کی کوشش کرے گا تو اسے جنگی اقدام تصور کیا جائے گا،‘‘ ترجمان نے خبردار کیا۔

پاکستانی قیدیوں کے بھارتی جیلوں میں ممکنہ غلط استعمال سے متعلق ایک سوال پر ترجمان نے امید ظاہر کی کہ بھارت بین الاقوامی اور انسانی حقوق کی ذمہ داریوں کو نبھائے گا اور قیدیوں کی سلامتی و فلاح کو یقینی بنائے گا۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستان مخالف پراپیگنڈا پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان نے اسے ’’قابل افسوس‘‘ قرار دیا اور کہا کہ بھارتی میڈیا بغیر کسی شواہد کے الزامات لگا کر حکومتی پالیسیوں کو جواز فراہم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

ترجمان نے حالیہ سفارتی سرگرمیوں سے بھی میڈیا کو آگاہ کیا:

– وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ ترکی کے دوران ترک صدر رجب طیب اردوان سے دو طرفہ تعاون اور علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

– متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے 20 اور 21 اپریل کو پاکستان کا دورہ کیا، جہاں مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے یادداشتوں پر دستخط کیے گئے جن میں ثقافتی تبادلہ، قونصلر امور کی مشترکہ کمیٹی کا قیام اور پاکستان-یو اے ای بزنس کونسل کی تشکیل شامل ہے۔

– روانڈا کے وزیر خارجہ اولیویر اندوہنگیرہے کے دورہ پاکستان کے دوران سفارتی تربیت سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

اس موقع پر ترجمان نے پوپ فرانسس کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ’’امن، بین المذاہب مکالمے اور انسانیت کے احترام کے علمبردار‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کیتھولک برادری اور دنیا بھر کے اُن افراد کے غم میں شریک ہے جو پوپ کی انسانیت کے لیے خدمات سے متاثر ہوئے۔

ادھر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے وزارت خارجہ میں قائم خصوصی آپریشن روم کا دورہ کیا جو پاک بھارت کشیدگی کی نگرانی کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے وہاں تعینات افسران کی مستعدی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

پاکستان نے ایک بار پھر امن کے لیے اپنی سنجیدہ کوششوں کا اعادہ کیا، تاہم خبردار کیا کہ اگر بھارت کی جانب سے کسی قسم کی یکطرفہ جارحیت خصوصاً آبی وسائل سے متعلق کی گئی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں