خیبر پختونخوا میں مستحق خاندانوں کے معاشی بااختیار بنانے کے لیے سعودی عرب کا بڑا اقدام

5

 

پشاور، منگل، 21 اکتوبر 2025 (ڈبلیو این پی): کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر (KSrelief) نے محکمہ ریلیف، بحالی و آبادکاری خیبر پختونخوا، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) اور اپنے نفاذی شراکت دار ادارے پیس اینڈ ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن (PADO) کے اشتراک سے "پاکستان میں مستحق خاندانوں کے معاشی بااختیار بنانے کے لیے مویشیوں کی فراہمی” کے منصوبے کا باضابطہ آغاز کر دیا۔

منصوبے کی افتتاحی تقریب پشاور میں منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل سیکریٹری محکمہ ریلیف، بحالی و آبادکاری خیبر پختونخوا، نورالامین تھے۔ تقریب میں ڈائریکٹر کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر پاکستان، عبداللہ البقمی نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر سرکاری اداروں، اقوام متحدہ کی ایجنسیوں، شراکت دار تنظیموں اور میڈیا نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

یہ منصوبہ مستحق اور کمزور خاندانوں کی روزگار کے مواقع میں اضافہ، غذائی تحفظ میں بہتری، اور خود انحصاری کے فروغ کے لیے شروع کیا گیا ہے۔ اس کے تحت مستفید ہونے والے خاندانوں کو مویشی، پولٹری اور عملی تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنے وسائل خود پیدا کر سکیں اور آمدنی میں اضافہ کر سکیں۔

منصوبے کے تحت:
• لوئر چترال، اپر چترال، لوئر دیر اور اپر دیر کے 1000 خاندانوں کو دو مادہ بکریاں، چارہ (سیلیج) اور مویشیوں کی دیکھ بھال کی تربیت دی جائے گی۔
• سوات، صوابی، ہری پور اور مانسہرہ کے 1000 خاندانوں کو 25 مرغیاں، مکمل پولٹری کٹ اور پولٹری کی دیکھ بھال و آمدنی پیدا کرنے کی تربیت دی جائے گی۔
• چارسدہ، مردان اور نوشہرہ کے 500 خاندانوں کو گائے، چارہ (سیلیج) اور دودھ کی پیداوار سے متعلق عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔ یہ تمام تربیت محکمہ لائیو اسٹاک کے ماہرین کی نگرانی میں ہوگی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبداللہ البقمی نے کہا کہ یہ منصوبہ مملکتِ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کا مقصد کمزور طبقات کو بااختیار بنانا، ان کے لیے پائیدار روزگار کے مواقع پیدا کرنا، اور معاشی استحکام میں مدد فراہم کرنا ہے۔

مہمانِ خصوصی نورالامین نے مملکتِ سعودی عرب کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے نہ صرف مستحق خاندانوں کو براہِ راست فائدہ ہوگا بلکہ صوبے میں غربت میں کمی، غذائی تحفظ اور دیہی معیشت کی بہتری میں بھی نمایاں پیشرفت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کنگ سلمان ریلیف سینٹر، پیس اینڈ ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن، محکمہ لائیو اسٹاک اور دیگر شراکت دار اداروں کی مشترکہ کوششوں سے یہ منصوبہ ایک مؤثر، پائیدار اور نتیجہ خیز اقدام ثابت ہوگا۔

یہ منصوبہ خیبر پختونخوا کے دیہی اور آفات سے متاثرہ علاقوں میں بسنے والے خاندانوں کے لیے معاشی خود کفالت، سماجی استحکام اور پائیدار ترقی کی نئی راہیں کھولے گا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں