تاشقند سے اسلام آباد براہ راست پرواز کا آغاز، پاکستان اور ازبکستان کے درمیان روابط کا نیا باب

7

اسلام آباد، ہفتہ، 14 جون 2025 (ڈبلیو این پی): ازبکستان ایئر ویز کی تاشقند سے اسلام آباد کے لیے پہلی براہ راست پرواز ہفتے کے روز اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پرتپاک استقبال کے ساتھ اتری، جو دونوں برادر ممالک کے درمیان فضائی رابطوں کے فروغ میں ایک تاریخی پیشرفت ہے۔

افتتاحی پرواز کے موقع پر ایک اعلیٰ سطحی استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان میں ازبکستان کے سفیر علیشر توقتاویف، پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب الرحمن رانا، ایئرپورٹ منیجر سید آفتاب علی شاہ گیلانی، ازبکستان ایئر ویز کے کنٹری منیجر بختیار مومنوف، وسطی ایشیائی ممالک کے سفارتکاروں اور سول ایوی ایشن اتھارٹی، پی ٹی ڈی سی اور پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ازبک سفیر نے کہا کہ ازبکستان ایئر ویز کی براہ راست پرواز کا آغاز پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تجارتی، اقتصادی اور عوامی روابط کے فروغ میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے اس اقدام کو وسطی اور جنوبی ایشیا کے مابین رابطہ کاری کے وسیع تر مقاصد سے ہم آہنگ قرار دیا۔

پی ٹی ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب الرحمن رانا نے اس ہفتہ وار پرواز کو خطے میں باہمی تعاون کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ "یہ نیا فضائی راستہ ایک دیرینہ مطالبہ تھا، جسے اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن (ECO) اور شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) جیسے علاقائی پلیٹ فارمز پر مسلسل اجاگر کیا جاتا رہا ہے۔”

آفتاب رانا نے کہا کہ یہ پرواز سیاحت، تجارت، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں سمیت کئی شعبوں میں تعاون کو فروغ دے گی۔ "اب پاکستانی سیاح ازبکستان کے تاریخی شاہراہ ریشم کے شہروں سمرقند، بخارا اور خیوا کا آسانی سے سفر کر سکیں گے، جبکہ ازبک سیاح پاکستان کے شمالی پہاڑی علاقوں، روحانی مقامات اور متنوع ثقافتی ورثے کا براہ راست مشاہدہ کر سکیں گے،” انہوں نے کہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ برسوں میں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان سیاحتی روابط میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے، جو کہ مشترکہ تاریخی پس منظر، ثقافتی مماثلت اور مذہبی ہم آہنگی کی بنیاد پر فروغ پا رہے ہیں۔ یہ نئی فضائی سروس سیاحوں، طلبہ اور زائرین کے لیے ایک سہل، سستی اور قابلِ اعتماد سفری سہولت فراہم کرے گی۔

تاشقند-اسلام آباد براہ راست پرواز کا آغاز نہ صرف دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو نئی جہت دے گا بلکہ علاقائی سیاحت اور معاشی رابطوں کو بھی مضبوط بنائے گا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں