شوشہ، جمعرات، 3 جولائی 2025 (ڈبلیو این پی): وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے جمعرات کو دو روزہ سرکاری دورے پر آذربائیجان کے نگورنو-کاراباخ خطے کے تاریخی شہر شوشہ پہنچ گئے۔
وزیراعظم کا فوزولی انٹرنیشنل ایئرپورٹ آمد پر شاندار استقبال کیا گیا۔ آذربائیجان کے وزیر ثقافت عادل کریملی، آذربائیجان میں پاکستان کے سفیر قاسم معین الدین، پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف اور دیگر اعلیٰ حکومتی و سفارتی حکام نے وزیراعظم اور ان کے وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی اس دورے میں شریک ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورے کے دوران خانکندی میں ہونے والے ECO سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے، جہاں وہ خطے میں تجارتی روابط، معاشی تعاون اور رکن ممالک کے درمیان رابطہ کاری کو فروغ دینے سے متعلق پاکستان کا وژن پیش کریں گے۔
اجلاس کی سائیڈ لائنز پر وزیراعظم کی متعدد دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن کا مقصد خطے میں پاکستان کی سفارتی رسائی کو وسعت دینا اور اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔
وزیراعظم کا یہ دورہ علاقائی تعاون، اقتصادی ترقی، اور پاکستان کے کثیرالجہتی تعلقات کو تقویت دینے کے لیے اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔