اسلام آباد، ہفتہ، 14 جون 2025 (ڈبلیو این پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہفتے کے روز ترکی کے صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور اسرائیل کی حالیہ فوجی کارروائیوں کے بعد پیدا ہونے والی سنگین علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر ایک سلسلہ وار پیغامات میں بتایا کہ انہوں نے صدر اردوان سے اسرائیل کی ایران کے خلاف "بلااشتعال جارحیت” کے نتیجے میں پیدا شدہ "سنگین علاقائی بحران” پر گفتگو کی۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اسرائیل کے یہ اقدامات بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم کی بھی شدید مذمت کی اور اقوامِ متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) جیسے عالمی پلیٹ فارمز پر امن اور کثیرالطرفہ سفارت کاری کے لیے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے صدر اردوان کی قیادت کو سراہا اور اسلامی کوآپریشن یوتھ فورم کی جانب سے دیے گئے اعزاز پر انہیں مبارکباد بھی دی۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی برادری، بالخصوص مسلم اُمہ، کو ان سنگین خلاف ورزیوں کو روکنے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے متحد ہو کر مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔