اوساکا، منگل، 3 جون 2025 (ڈبلیو این پی): سعودی عرب نے ایکسپو 2025 اوساکا کے موقع پر اپنے پویلین میں بین الاقوامی سطح کے ایک منفرد اور طویل المدتی کاروباری اقدام ‘ایکسپونور’ کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد دنیا بھر کے نوجوان کاروباری افراد، جدت پسندوں اور سرمایہ کاروں کو ایک پلیٹ فارم پر لانا ہے۔
یہ پانچ سالہ منصوبہ ایکسپو 2025 اوساکا سے شروع ہو کر ایکسپو 2030 ریاض تک جاری رہے گا۔ اس دوران مختلف پروگرامز، تربیتی مواقع، اختراعی منصوبوں کی نمائش اور سرمایہ کاری کے امکانات کو اجاگر کیا جائے گا۔ پروگرام کا اختتام ریاض میں ایک شاندار عالمی پیشکش کے ساتھ ہوگا۔
ایکسپونور کو ایکسپو کی تاریخ کا پہلا ایسا پویلین قرار دیا جا رہا ہے جو مکمل طور پر کاروبار، اختراع اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مخصوص ہے۔ اس اقدام سے سعودی عرب کی جدت پسندی، کاروباری ترقی میں دلچسپی اور بین الاقوامی تعاون کے جذبے کا اظہار ہوتا ہے۔
منصوبے کے تحت ‘ایکسپونور اکیڈمی’ کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے، جو ہر سال 20 سے زائد ممالک کے 150 نوجوان کاروباری افراد کو چھ ماہ کی بین الاقوامی تربیت فراہم کرے گی۔ اس اکیڈمی میں رہنمائی، سرمایہ کاری کی تیاری اور وینچر کیپیٹل اداروں کے سامنے کاروباری منصوبے پیش کرنے کے مواقع شامل ہوں گے۔
اسی طرح ‘ایکسپونور مقابلے اور چیلنجز’ بھی منعقد کیے جائیں گے، جو ہر ایکسپو کے موضوع سے ہم آہنگ اختراعی مقابلوں پر مشتمل ہوں گے۔ بہترین منصوبے ریاض میں ہونے والے ایکسپو 2030 میں پیش کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ ریاض میں ہر سال ‘ایکسپونور ایونٹ’ کا انعقاد ہوگا، جہاں پینل مباحثے، منصوبہ جات کی نمائش، نیٹ ورکنگ سیشنز اور شراکت داری کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ پروگرام کے تحت ایک ‘کاروباری ترقیاتی فنڈ’ بھی قائم کیا جائے گا، جو بالخصوص ترقی پذیر ممالک میں کاروباری اداروں کو مالی معاونت فراہم کرے گا۔
ایکسپونور، ویژن لیڈرشپ ایسوسی ایشن، سعودی وزارت سرمایہ کاری اور گلوبل انٹرپرینیور شپ نیٹ ورک (GEN) کے اشتراک سے ترتیب دیا گیا ہے، جبکہ جاپان کی معروف کمپنی SBI ہولڈنگز اس پروگرام کی ابتدائی مالی معاونت فراہم کر رہی ہے۔
ویژن لیڈرشپ ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور G20 کے تحت سعودی اسٹارٹ اپ گروپ (Startup20) کے سربراہ شہزادہ فہد بن منصور بن ناصر بن عبدالعزیز نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف قومی بلکہ عالمی سطح پر اقتصادی ترقی میں سعودی عرب کے عزم کا مظہر ہے۔ ان کا کہنا تھا، "ایکسپونور اقوام کے درمیان پُل کا کردار ادا کرے گا اور اختراع، کاروبار اور سرمایہ کاری کی عالمی ثقافت کو فروغ دے گا۔”
ایکسپونور کے بانی منصور السعنونی نے بتایا کہ اس تصور کی بنیاد ایکسپو 2020 دبئی میں سعودی عرب کی شرکت کے دوران رکھی گئی۔ ان کے مطابق، "یہ یقین کہ کاروباری افراد عالمی مسائل کا حل دے سکتے ہیں، اس منصوبے کی بنیاد بنا — اور اب یہ عالمی تبدیلی کے علمبرداروں کو بااختیار بنانے کا ایک بین الاقوامی پلیٹ فارم بن چکا ہے، جو اوساکا سے ریاض تک پھیلا ہوا ہے۔”