اسلام آباد، پیر، 7 اپریل 2025 (ڈبلیو این پی): وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ بی المذاہب ہم آہنگی کا فروغ علاقائی اتحاد، یکجہتی اور پائیدار امن کے قیام کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے یہ بات پیر کے روز اپنے دفتر میں قازقستان کے سفیر یرژان کستافن سے ملاقات کے دوران کہی۔
وفاقی وزیر نے برادر اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حکومت کے دوران بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے نمایاں پیش رفت ہوئی تھی، جسے اب پارٹی پالیسی اور پارٹی قائد میاں محمد نواز شریف و وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق دوبارہ فعال کیا جا رہا ہے۔
سردار یوسف نے قازق سفیر کی جانب سے قازقستان میں منعقد ہونے والے “عالمی اور روایتی مذاہب کے قائدین کی کانگریس” میں شرکت کی دعوت کو خوش دلی سے قبول کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے کے لیے طلباء اور مذہبی اسکالرز کے تبادلوں میں دلچسپی ظاہر کی۔
اس موقع پر سفیر یرژان کستافن نے کہا کہ قازقستان کے صدر رواں سال اکتوبر میں پاکستان کا دورہ متوقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال قازقستان وسطی ایشیا میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار رہا، اور دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست پروازوں کی بحالی کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔
سفیر نے مزید بتایا کہ جلد ہی قازق کھلاڑیوں اور تاجروں پر مشتمل ایک وفد پاکستان کا دورہ کرے گا، جبکہ کاروباری وفد کراچی میں منعقد ہونے والے بزنس فورم میں شرکت کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ قازقستان اور پاکستان کے درمیان آنے والے دنوں میں دو طرفہ تعاون کے متعدد معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔